اسٹاک ہوم: اکثر لوگوں کو
کھانے کا انتظار کرتے ہوئے میز تھپتھپانے کی عادت ہوتی ہے لیکن اب اسی شوق
کو دیکھتے ہوئے ایسا میز پوش کپڑا تیار کیا گیا ہے جو مختلف آلات کی آواز
نکالتے ہوئے موسیقی سناتا ہے۔
سویڈن میں اسمارٹ ٹیکسٹائل کمپنی نے کھانے کی میز پر بچھانے والی میز
پوش پر پیانو کیز اور طبلے کا کھرل ڈیزائن تیار کیا ہے جسے تھپتھپانے سے
موسیقی بجنے لگتی ہے اور اس طرح میز پر بیٹھے بہت سے لوگ الگ الگ یا ایک
ساتھ بھی اسے بجاسکتے ہیں۔
کپڑے میں پیانو کی کیزاور ڈرم کا گول حصہ لگایا گیا ہے جس کے نیچے برقی
سینسر لگے ہیں جو چھونے اور دبانے پر ایک
سسٹم اور آواز کے نظام کو سگنل
بھیجتے ہیں جس سے میوزک پیدا ہوتا ہے۔ کپڑے کے نیچے پنوں کی صورت میں سینسر
لگائے گئے ہیں جو آن اینڈ آف سوئچ کی طرح میوزک خارج کرتے ہیں، یہ
الیکٹرانک ، سینسر اور کپڑا سازی کا حیسن امتزاج ہے۔
اسے بنانے والے ماہرین کا خیال ہے کہ بہت جلد ایسے لباس بنائے جائیں گے
جو پہننے والے کے دل کی دھڑکن، جسمانی درجہ حرارت اور بلڈ پریشر وغیرہ کو
نوٹ کرسکتے ہیں اور یہ ڈیٹا کسی نیٹ ورک پر بھیج سکتے ہیں جس سے مریضوں کے
علاج اور ان کی دیکھ بھال میں بہت مدد مل سکے گی ۔